پاک افغان سرحد دہشتگردی

پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی ناکام، کئی خوارج ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگرد ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے ارادے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ فورسز نے دہشتگردوں کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہا۔ طویل کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکا اور دراندازی کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے برآمد ہونے والے جنگی سامان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان میں افغان طالبان حکومت پر بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ دہشتگرد تنظیموں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے، مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے سکیورٹی فورسز پوری طرح پرعزم ہیں۔ بھارتی سرپرستی یافتہ خارجیوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ دہشتگرد عناصر کے خطرے کا خاتمہ کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز نے ملک کے امن، استحکام اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین