امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایسے عناصر موجود رہیں گے، ملک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کسانوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سستی کھاد دستیاب نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے سرکاری اخراجات پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، جبکہ عام شہری مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات اب صرف زبانی یقین دہانیوں تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ مطالبات پر عملی پیش رفت ضروری ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک حکومت ان کے مطالبات کو عملی طور پر تسلیم نہیں کرتی۔ ان کے مطابق صرف یہ کہنا کافی نہیں ہوگا کہ دھرنا ختم کریں اور مطالبات مان لیے جائیں گے، بلکہ فیصلوں پر عملدرآمد ضروری ہے۔