اٹلی میں شدید گرمی کی تیسری لہر نے ملک کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث حکام نے مزید شہروں میں ریڈ ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ طاقتور افریقی اینٹی سائیکلون بحیرہ روم کے اوپر انتہائی گرم ہوا لا رہا ہے، جس سے درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔
اٹلی کی وزارت صحت کے مطابق فلورنس اور پیروجیا میں بدھ تک ریڈ الرٹ برقرار رہے گا، جبکہ 15 جولائی سے بولونیا، بریشیا، فروزینونے، روم اور ٹورین بھی بلند ترین خطرے کی سطح میں شامل ہو جائیں گے۔ ریڈ الرٹ کا مطلب ہے کہ شدید گرمی سے پوری آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔
اٹلی میں شدید گرمی کے باعث میلان، ویرونا، ٹریئسٹے، کالیاری، کیمپوباسو، لاٹینا، پیسکارا، ریئتی اور ویٹربو سمیت نو شہروں میں اورنج الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ عمر کے افراد، بچے اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
اٹلی کا ہیٹ الرٹ نظام چار درجات پر مشتمل ہے، جس میں گرین معمول کی صورتحال، یلو ابتدائی انتباہ، اورنج صحت کے خطرات اور ریڈ انتہائی خطرناک گرمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ حکام نے شہریوں کو زیادہ پانی پینے، دھوپ سے بچنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
شدید گرمی کے باعث جزیرہ سسلی میں کئی مقامات پر جنگلاتی آگ بھی بھڑک اٹھی۔ پالرمو، کاتانیا اور سیراکیوز کے قریب فائر فائٹرز، جنگلاتی عملہ، طیارے اور ہیلی کاپٹر آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ احتیاطاً بعض رہائشی علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
نیپلز اور پوتزولی کے درمیان واقع قدیم آتش فشانی گڑھے سولفاتارا کے قریب بھی ایک نئی آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے ہنگامی امدادی ٹیمیں سرگرم ہیں تاکہ آگ مزید علاقوں تک نہ پھیل سکے۔
ماہرین کے مطابق اٹلی میں شدید گرمی کی موجودہ لہر طاقتور افریقی اینٹی سائیکلون اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مشترکہ اثرات کا نتیجہ ہے، جس کی وجہ سے جنوبی یورپ میں شدید گرمی کی لہریں پہلے سے زیادہ بار اور زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آ رہی ہیں۔