اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی اور ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف چوکوں، چوراہوں اور اہم مقامات پر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی اضافی اہلکار پہنچا دیے گئے ہیں۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، جبکہ حساس سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لیے رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور اسٹیشن ہاؤس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورت حال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی مقام پر بینرز یا ہجوم نظر آنے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔ تاہم ریڈ الرٹ کے دورانیے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔