پاکستان بمقابلہ سری لنکا

پاکستان کی تباہ کن بولنگ، سری لنکن ٹیم 98 رنز پر ڈھیر

پاکستانی بولرز نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری مہمان ٹیم کو صرف 98 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

سری لنکا کو اننگز کے آغاز ہی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اہم کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔ پسندو سوریابندارا صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ تجربہ کار بیٹر دنیش چندی مل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کمندو مینڈس بھی پاکستانی بولنگ کا سامنا نہ کرسکے اور 8 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ لاہیرو اودارا نے 4 رنز بنائے جبکہ دھننجایا ڈی سلوا صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوشل مینڈس 32 رنز کے ساتھ سری لنکا کے نمایاں اسکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور رضا اللہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ثاقب خان اور عامر جمال نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ ٹیم حریف پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے گی۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔ پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے 446 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، جبکہ سات وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین