پاکستان ایران تجارت

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت 10 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، ایف پی سی سی آئی

پاکستان ایران تجارت آئندہ تین سے پانچ برسوں میں 10 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ سکتی ہے، اگر دونوں ممالک صنعتی تعاون کو فروغ دیں، بینکاری نظام بہتر بنائیں اور سرحد پار تجارتی طریقہ کار کو آسان بنائیں۔ یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے ہفتے کو جاری بیان میں کہی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی حقیقی اقتصادی صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے یہ بات ایران کے صوبہ اراک سے آئے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ایف پی سی سی آئی کے مطابق مالی سال 2023-24 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 2.8 ارب ڈالر رہا، جس میں 684 ملین ڈالر کی پاکستانی برآمدات اور 2.1 ارب ڈالر کی ایرانی درآمدات شامل تھیں۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان ایران تجارت کو بڑھانے کے لیے روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر مشترکہ صنعتی منصوبوں اور طویل المدتی کاروباری شراکت داریوں پر توجہ دینا ہوگی۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کی معیشتیں ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

ایرانی وفد کی قیادت ناصر بیگی، صدر اراک چیمبر آف کامرس، انڈسٹریز، مائنز اینڈ ایگریکلچر نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ اراک صوبہ بھاری مشینری، انجینئرنگ آلات، آٹو پارٹس، زرعی ٹیکنالوجی اور معدنی شعبے میں مہارت رکھتا ہے، جو پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں ایران کے کمرشل اتاشی مراد نعمتی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کاروباری رابطوں کا مقصد زراعت، فوڈ پروسیسنگ، پیٹروکیمیکل، مائننگ، انجینئرنگ، گھریلو آلات اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستان ایران تجارت کے فروغ کے لیے تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانا، باضابطہ بینکاری اور ادائیگی کے نظام قائم کرنا اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کے تاجروں کو باقاعدہ تجارتی شراکت داری قائم کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین