پاکستان سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد بنگلادیش کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز سے کیا، مگر دونوں ابتدائی کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔ اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا سکے۔
قومی ٹیم کے قائد شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 21 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے، جبکہ بابر اعظم نے 68 رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
دیگر کھلاڑیوں میں سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بنا سکے۔
نچلے درجے کے کھلاڑیوں میں حسن علی نے 18 اور ساجد خان نے 38 رنز کی مزاحمت کی، جبکہ خرم شہزاد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عباس کوئی رن نہ بنا سکے۔
اس سے قبل بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی باری میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ لٹن داس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 126 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ دو مقابلوں کی اس سیریز میں بنگلادیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، میزبان ٹیم نے پہلے مقابلے میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی