ڈھاکا: بنگلادیش میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل، پیٹرول اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتیں آج سے نافذ العمل ہوگئی ہیں۔
نئی قیمتوں کے مطابق بنگلادیش میں ڈیزل کی قیمت 115 ٹکا سے بڑھا کر 135 ٹکا فی لیٹر کردی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت 140 ٹکا سے بڑھ کر 160 ٹکا فی لیٹر ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی فی لیٹر قیمت 135 ٹکا سے بڑھا کر 155 ٹکا کردی گئی ہے۔ مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 17.4 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
بنگلادیش کی وزارت توانائی کے مطابق مارچ 2026 سے عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بعض اوقات قیمتیں دوگنی سے بھی زیادہ ہوچکی ہیں۔ وزارت کے مطابق عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ نے ملک کے توانائی کے شعبے پر مالی دباؤ بڑھایا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث مال برداری کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا، جس سے درآمدی ایندھن کی مجموعی لاگت مزید بڑھ گئی۔ اس صورتحال نے بنگلادیش پیٹرولیم کارپوریشن کے مالی معاملات کو بھی متاثر کیا ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق مارچ سے اگست 2026 کے دوران بنگلادیش پیٹرولیم کارپوریشن کو 228 ارب 76 کروڑ ٹکا کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق عالمی ایندھن کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں اضافے نے اس خسارے میں اہم کردار ادا کیا۔