پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی

پیٹرولیم مصنوعات سستی، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان

لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد عوام کے لیے ایک اور خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

فیڈریشن کے صدر کے مطابق کرایوں میں کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور تمام متعلقہ ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو نئی شرحوں پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے فوائد براہِ راست عوام تک پہنچانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کرایوں کے تعین میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے بعد کرایوں میں کمی ناگزیر تھی۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ حکومتی فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔

قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر آنے والی لاگت میں بھی کمی متوقع ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ حد تک کمی آسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین