پاکستانی اداکارہ صبور علی نے اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی سیرینا کو پری اسکول بھیجنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچی کی سماجی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور اسے دوسروں کے ساتھ گھلنے ملنے کا موقع دینا ہے۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صبور علی نے بتایا کہ سیرینا پری اسکول جاتی ہے۔ کم عمری میں اسکول جانے کی بات پر میزبان نے بھی حیرت کا اظہار کیا، جس کے بعد اداکارہ نے اپنی بیٹی کے اسکول جانے کی تفصیل بیان کی۔
صبور علی کے مطابق سیرینا فی الحال صرف 15 سے 20 منٹ کے لیے پری اسکول جاتی ہے۔ وہاں وہ کچھ دیر کھیلتی ہے، دوسرے بچوں اور ماحول سے مانوس ہوتی ہے اور پھر گھر واپس آجاتی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس مختصر دورانیے سے بھی بچی کی سوشل اسکلز بہتر ہورہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے لیے یہ بھی اہم تھا کہ سیرینا کچھ وقت اپنے والدین سے دور گزارے۔ ان کے مطابق بچے کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ والدین ہر وقت ساتھ موجود نہ ہوں تو وہ دوسروں کے ساتھ کس طرح پیش آئے اور نئے ماحول میں خود کو کیسے ایڈجسٹ کرے۔
صبور نے سیرینا کے اسکول کے پہلے تعارفی دن کا واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دن ایسا تھا جب سیرینا بہت زیادہ روئی اور اس صورتحال پر انہیں کچھ شرمندگی بھی محسوس ہوئی، کیونکہ وہاں موجود دیگر بچے نہیں رو رہے تھے۔
تاہم اداکارہ کے مطابق سیرینا عمومی طور پر کافی سوشل بچی ہے اور اب صورتحال یہ ہے کہ وہ اسکول سے واپس آنے پر آمادہ نہیں ہوتی۔ صبور کے مطابق بچی نے اسکول کے ماحول کو پسند کرنا شروع کردیا ہے اور وہاں وقت گزارنے میں اسے دلچسپی محسوس ہوتی ہے۔