اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی

سندھ کے اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا اعلان

سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اقدام کا مقصد آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور اسپتالوں میں حفاظت بہتر بنانا ہے۔

کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر صحت نے صوبے کے مختلف اسپتالوں میں جاری منصوبوں اور طبی سہولیات پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض قلب میں ملازمین کی بھرتی کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کو مزید وسعت دی گئی ہے اور چلڈرن وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی میں نیا او پی ڈی بلاک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹراما سینٹر میں ویسکولر سرجری شروع کردی گئی ہے جبکہ ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ نیپا چورنگی کے انفیکشیئس ڈیزیز اسپتال میں بہتری لانے کا کام جاری ہے۔

وزیر صحت کے مطابق ایمبولینس ایمرجنسی سروسز مزید بہتر بنائی جارہی ہیں اور تشخیصی لیبارٹریز کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ سول اسپتال کا ماسٹر پلان مکمل ہوچکا ہے جبکہ میڈیکل بلاک کی تعمیر اس سال شروع ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پمز اسپتال میں بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے اسپتالوں کا سروے جاری ہے، جبکہ بجلی کی لائنیں اور بریکر تبدیل کیے جارہے ہیں تاکہ آتشزدگی کے خطرات کم کیے جاسکیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات موجود ہیں اور فائر ڈرلز بھی کرائی جائیں گی۔ اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی مکمل طور پر نافذ کی جائے گی تاکہ آگ لگنے کے واقعات کو روکنے میں مدد مل سکے اور مریضوں، عملے اور شہریوں کی حفاظت بہتر بنائی جاسکے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین