کراچی: سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی تاکہ آتشزدگی کے ممکنہ واقعات کی روک تھام اور مریضوں و عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں جاری طبی اور انتظامی اقدامات سے متعلق تفصیلات بھی بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) میں ملازمین کی بھرتی کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ ایس آئی یو ٹی کو مزید توسیع دی گئی ہے اور چلڈرن وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیر صحت کے مطابق این آئی سی وی ڈی میں نیا او پی ڈی بلاک تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ ٹراما سینٹر میں ویسکولر سرجری کی سہولت شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹراما سینٹر میں ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جس سے پیچیدہ طبی اور جراحی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ نیپا چورنگی میں واقع انفیکشیئس ڈیزیز اسپتال کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ تشخیصی لیبارٹریز کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال کا ماسٹر پلان تیار ہوچکا ہے اور میڈیکل بلاک کی تعمیر رواں سال شروع ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق ریڈیالوجی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جبکہ این آئی سی وی ڈی کا پیڈیاٹرک یونٹ بھی جلد فعال کردیا جائے گا۔
پمز اسپتال میں بچوں کی اموات کے حوالے سے وزیر صحت نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پرانے اسپتالوں کا سروے کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق پرانی عمارتوں میں بجلی کی لائنیں اور بریکرز تبدیل کیے جارہے ہیں، جبکہ اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات بھی نصب ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہوسکے۔