سپریم کورٹ کا بیک لاگ ختم

سپریم کورٹ کا بیک لاگ ختم، برسوں سے زیر التوا مقدمات نمٹا دیے گئے

سپریم کورٹ کا بیک لاگ ختم ہونے کے حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے سزائے موت کے مقدمات میں 11 سال اور بعد از گرفتاری ضمانت کے مقدمات میں 17 سال سے جاری زیر التوا کیسز کا بیک لاگ ختم کر دیا ہے۔ عدالت کے مطابق یہ پیش رفت عدالتی اصلاحات اور پرانے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جان، آزادی، خاندانی حقوق، ٹیکس، کرایہ داری اور ضمانت سے متعلق مقدمات کو خصوصی ترجیح دی گئی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اس حکمت عملی کے باعث زیر سماعت مقدمات کی اوسط مدت میں نمایاں کمی آئی ہے اور انصاف کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر ہوا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 میں سپریم کورٹ 2015 کے سزائے موت کے مقدمات کی سماعت کر رہی تھی، تاہم اب 608 اپیلوں کا فیصلہ کر کے 11 سال کا بیک لاگ ختم کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے موجودہ سال کے مقدمات کی سماعت بھی شروع کر دی ہے اور صرف 22 اپیلیں زیر التوا ہیں۔

عدالت نے قبل از گرفتاری ضمانت کے مقدمات میں بھی نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے چھ سال کا بیک لاگ ختم کر دیا۔ اس سلسلے میں 2,156 درخواستوں کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد صرف 23 درخواستیں زیر التوا رہ گئی ہیں اور عدالت اب نئے مقدمات کی سماعت کر رہی ہے۔

بعد از گرفتاری ضمانت کے مقدمات میں بھی 2,303 درخواستوں کا فیصلہ کر کے 17 سال پرانا بیک لاگ ختم کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق جولائی 2026 میں عدالت رواں سال کی درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے، جبکہ صرف 66 مقدمات زیر التوا ہیں۔

سپریم کورٹ نے خاندانی مقدمات میں بھی تمام پرانے کیسز نمٹا دیے ہیں۔ ایک ہزار پینسٹھ مقدمات کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ صرف 150 مقدمات باقی ہیں جن میں سے 122 رواں سال کے ہیں۔ اسی طرح ٹیکس اور کرایہ داری سے متعلق مقدمات میں بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سپریم کورٹ کا بیک لاگ ختم ہونے کو عدالتی اصلاحات کی اہم کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق 506 ٹیکس مقدمات کا بھی فیصلہ کیا جا چکا ہے، جبکہ کرایہ داری کے مقدمات میں عدالت 2011 سے آگے بڑھ کر اب 2026 کے کیسز کی سماعت کر رہی ہے، جو انصاف کی بروقت فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین