اسلام آباد: پاکستان میں بڑھتے ہوئے مالیاتی دباؤ کی ایک اہم وجہ مختلف شعبوں کو دی جانے والی ٹیکس چھوٹ اور مراعات میں مسلسل اضافہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو ممکنہ طور پر بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں دی جانے والی رعایتوں اور استثنیٰ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکس چھوٹ اور مراعات کے باعث قومی خزانے کو ہونے والے ممکنہ نقصان، جسے ٹیکس اخراجات کہا جاتا ہے، کا حجم حالیہ مالی سالوں میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تقریباً 4 سے 5 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
پائیڈ کی رپورٹ کے مطابق ٹیکس مراعات میں اضافے کے باوجود ملک کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی، جس سے حکومتی مالیاتی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح گزشتہ عرصے سے تقریباً 10 فیصد کے قریب جمود کا شکار ہے، جو ملکی معیشت میں ٹیکس وصولیوں کی محدود صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔
معاشی ماہرین کے نزدیک ٹیکس چھوٹ اور مراعات کا مؤثر جائزہ لینا، غیر ضروری رعایتوں کا خاتمہ اور ٹیکس نظام میں شفافیت پیدا کرنا ملکی آمدنی بڑھانے کے لیے اہم اقدامات ہو سکتے ہیں۔