فیفا ورلڈ کپ 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے تمام اسکواڈز فائنل، تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ سجنے کو تیار

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اسکواڈز حتمی شکل اختیار کرچکے ہیں اور دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کے آغاز کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ 12 جون سے شروع ہونے والا یہ میگا ایونٹ کئی حوالوں سے تاریخ ساز ثابت ہوگا، کیونکہ پہلی بار 48 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا ورلڈ کپ فٹبال کے شائقین کے لیے غیرمعمولی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔ نئے فارمیٹ کے تحت 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔

تمام ٹیموں کے 26، 26 رکنی اسکواڈز کی تصدیق کے بعد ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 1248 ہوگئی ہے۔ یہ تعداد فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے، جس کے باعث 2026 کا ایڈیشن اب تک کا سب سے بڑا اور وسیع عالمی فٹبال مقابلہ قرار دیا جارہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 357 کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل بھی فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرچکے ہیں، جبکہ 891 کھلاڑی پہلی مرتبہ عالمی سطح کے اس بڑے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ نئے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ایونٹ کو مزید دلچسپ بنا سکتا ہے۔

فٹبال کے عالمی سپر اسٹارز لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور گیلرمو اوچوا ایک اور تاریخی سنگ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ تینوں کھلاڑی اپنے کیریئر کا چھٹا فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے تیار ہیں، جو عالمی فٹبال میں ایک منفرد اعزاز سمجھا جاتا ہے۔

اس مرتبہ چار ممالک کیپ ورڈے، کوراساؤ، اردن اور ازبکستان پہلی بار فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ ان ٹیموں کی شمولیت عالمی فٹبال کے پھیلاؤ اور نئے ممالک میں کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا منفرد امتزاج بھی دیکھنے کو ملے گا۔ ٹورنامنٹ کا کم عمر ترین کھلاڑی 17 سال جبکہ سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی 43 سال کا ہے۔ مزید یہ کہ 40 سال سے زائد عمر کے سات اور 20 سال سے کم عمر کے 22 کھلاڑی عالمی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین