پاکستان اور کینیڈا میں تجارت و سرمایہ کاری

پاکستان اور کینیڈا میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق، انیتا آنند کی شہباز شریف سے ملاقات

پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیش رفت کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران سامنے آئی، جہاں دونوں ممالک کی قیادت نے اقتصادی اور سفارتی روابط کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کینیڈا سے کینولا کی درآمد کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا بھی مشاہدہ کیا، جسے زرعی تجارت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں انیتا آنند نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور اعلیٰ سطح کے سرکاری تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن معاہدے پر مذاکرات جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا پاک، کینیڈا مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔

دونوں ممالک نے صاف توانائی، کان کنی، زراعت، بنیادی ڈھانچے، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ کینیڈا نے تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق کینیڈا نے اقوام متحدہ، انٹرپول اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ذریعے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں ممالک نے افغانستان کی صورتحال، علاقائی امن، سلامتی اور عالمی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اپنے دورۂ پاکستان کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی استحکام، عالمی امن اور پاکستان کے مؤقف پر بھی گفتگو ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین