حج 2027

حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز، عازمین کے لیے اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے عازمین کی آن لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ رجسٹریشن کے عمل کے شروع ہونے کے بعد ملک بھر سے خواہشمند افراد سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 میں شرکت کے خواہش مند افراد ابتدائی مرحلے میں آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے فی الحال پاسپورٹ کا ہونا لازمی نہیں رکھا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بروقت اپنی دلچسپی کا اندراج کرا سکیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج بکنگ کے مرحلے پر پاسپورٹ لازمی ہوگا۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک مؤثر ہونی چاہیے تاکہ سعودی عرب کے سفری اور ویزا ضوابط کو پورا کیا جا سکے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ صرف وہی افراد حج 2027 کی بکنگ کے اہل ہوں گے جنہوں نے مقررہ مدت کے دوران اپنی رجسٹریشن مکمل کر رکھی ہوگی۔ اس لیے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروا کر آئندہ مراحل کے لیے اپنی اہلیت یقینی بنائیں۔

حج بکنگ کا عمل "پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا۔ وزارت کے مطابق یہ سلسلہ اس وقت تک کھلا رہے گا جب تک پاکستان کے لیے مختص حج کوٹہ مکمل نہیں ہو جاتا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حج پیکجز، اخراجات، سہولیات اور دیگر شرائط و ضوابط کا تفصیلی اعلان بعد ازاں حج پالیسی 2027 کے تحت کیا جائے گا۔ اس مرحلے پر صرف رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ عازمین کا ڈیٹا جمع کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین