سعودی وزارت حج و عمرہ نے آئندہ عمرہ سیزن 2026 کے آغاز سے متعلق اہم تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں عمرہ ویزا، زائرین کے داخلے اور روانگی سے متعلق مکمل شیڈول جاری کیا گیا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین 15 ذوالحج 1448 ہجری سے مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ اجازت نامے نُسک ایپ کے ذریعے یکم جون 2026 سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ نُسک ایپ کو سعودی حکومت نے حج و عمرہ خدمات کو آسان بنانے کے لیے متعارف کرایا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال 1448 ہجری، یعنی 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری، 23 مارچ 2027 ہوگی۔
سعودی حکام نے مزید بتایا کہ عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے روانگی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری، یعنی 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔ تمام زائرین کو ان تاریخوں کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں اور تمام سفری دستاویزات تیار رکھیں تاکہ سفر اورعمرہ ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔