سعودی عرب پر میزائل حملہ

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی مذمت، سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ یہ مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر منعقدہ ہنگامی اجلاس میں پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے مبینہ بیلسٹک میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو خطے کے امن اور استحکام کو متاثر کرے۔

عثمان جدون نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے یمن کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا بھی بھرپور حامی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ کشیدہ صورتحال کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات، سفارتکاری اور تحمل کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ یمن میں دیرپا امن صرف ایک جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سیاسی مذاکرات کی حمایت کرے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فورس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین