محسن نقوی کی ایف بی آئی ڈائریکٹر سے ملاقات

محسن نقوی کی ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات، سائبر تحقیقات میں تعاون پر گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے دورے کے دوران واشنگٹن میں ایف بی آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان سائبر سیکیورٹی، سائبر تحقیقات اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سائبر تحقیقات کے لیے جدید وسائل کی فراہمی، تکنیکی معاونت اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگراموں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں بین الاقوامی تعاون سائبر خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے سائبر جرائم اور دیگر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مزید کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔

کاش پٹیل نے وفاقی وزیر داخلہ کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آئی خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ اور باہمی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین