سفیر رضوان سعید شیخ

واشنگٹن میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد

معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر اور ناقابلِ فراموش قیادت فراہم کرنے پر پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت نے بھاری قیمت چکائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان نے دانشمندانہ سفارتکاری اور ذمہ دارانہ پالیسی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

رضوان سعید شیخ نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی کوششوں نے خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” کے پرجوش نعرے لگائے جبکہ ملی نغمے پیش کرکے قومی جذبے کا اظہار کیا گیا۔

دوسری جانب نیویارک میں بھی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے۔ انہوں نے قومی اتحاد اور عوامی حوصلے کو پاکستان کی بڑی طاقت قرار دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ معرکہ حق کے ایک سال بعد پاکستان عالمی سطح پر مزید مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات سمیت مختلف سفارتی معاملات میں پاکستان کی کامیاب حکمت عملی پر دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین