وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے مبینہ میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ رات سعودی عرب کو نشانہ بنانے والا حملہ نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ یہ مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو مزید متاثر کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی حمایت برقرار رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی افہام و تفہیم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن اور تعمیری سفارتی کوششوں کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی یہی مؤقف اختیار کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق تمام فریقین کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی میں مزید اضافہ کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ کو مبینہ طور پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد خطے کی سکیورٹی صورتحال ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔