آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات

آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات: میرپور ڈویژن میں پہلے مرحلے کی پولنگ شروع

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ میرپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے کے انتخابات میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ان حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے۔ ان میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد ووٹرز جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں، جو اپنے پسندیدہ امیدواروں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے چار حلقوں میں 597 پولنگ اسٹیشن، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں میں 1 ہزار 107 پولنگ اسٹیشن جبکہ ضلع بھمبر کے تین حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے یا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور تمام ریاستی ادارے پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے یا انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ انتخابی حکام ووٹنگ کے عمل کو شفاف، محفوظ اور پرامن رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین