آزاد کشمیر انتخابات پہلے مرحلے کی پولنگ

آزاد کشمیر انتخابات، پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیر انتخابات پہلے مرحلے کی پولنگ اپنے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کو حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا۔

انتخابی عمل میں مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں اور دیگر جماعتوں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں تھے۔

میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔ ان میں ضلع میرپور کے چار حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں میں 1,107 اور ضلع بھمبر کے تین حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل تھے۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 9 نکیال میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد متاثرہ مقام پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والا شخص ان کی جماعت کا کارکن مختار تھا۔ تاہم واقعے سے متعلق حکام کی جانب سے حتمی تحقیقاتی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔

بھمبر کے دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسند مبینہ طور پر ایک بیلٹ باکس چھین کر آگ لگا گئے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔ حکام نے کہا کہ اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ چیف سیکرٹری خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین