فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تجویز فٹبال کی عالمی برادری میں اختلافات کا باعث بن رہی تھی، اس لیے اسے کھیل کے وسیع تر مفاد میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ منصوبے کا مقصد فٹبال کی ترقی تھا، تاہم مختلف رکن ممالک کی آرا اور تحفظات سامنے آنے کے بعد یہ محسوس کیا گیا کہ اس پر اتفاقِ رائے موجود نہیں، جس کے باعث اسے آگے بڑھانا مناسب نہیں ہوگا۔
جیانی انفانٹینو نے کہا کہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ کی کامیابی کے لیے فیفا کے رکن ممالک کی اکثریت کی حمایت ضروری تھی۔ تمام متعلقہ فریقوں کی رائے سننے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے پر مزید پیش رفت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ فیفا کا بنیادی مقصد ہمیشہ عالمی فٹبال میں اتحاد، شفافیت اور ترقی کو فروغ دینا رہا ہے۔ ان کے مطابق تنظیم مستقبل میں بھی تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر مشترکہ طور پر کھیل کی بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی۔
فیفا صدر نے کہا کہ ضرورت مند ممالک میں فٹبال کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیل کے فروغ کے لیے فیفا کے ترقیاتی پروگرام بدستور جاری رہیں گے اور اس مشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
بیان کے مطابق فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور اس سے متعلق کسی نئی تجویز یا عملی پیش رفت پر مزید کام نہیں کیا جائے گا۔