آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل اتوار کی صبح 8 بجے شروع ہوگیا، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی مختلف نشستوں پر ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں ووٹرز کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جموں اور کشمیر ویلی کی چھ، چھ نشستوں کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
کراچی میں جموں 1 اور کشمیر ویلی 1 کی نشستوں پر بھی پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں دونوں حلقوں کے لیے 34 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابی اعداد و شمار کے مطابق جموں 1 میں 698 جبکہ کشمیر ویلی 1 میں تقریباً 4,200 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مہاجرین کی تین اہم نشستوں، ایل اے 43 ویلی 4، ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 39 جموں 6 پر ووٹنگ جاری ہے۔ ان حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ایل اے 43 ویلی 4 میں 12 امیدوار، ایل اے 44 ویلی 5 میں 8 امیدوار جبکہ ایل اے 39 جموں 6 میں 14 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم کانفرنس سمیت مختلف جماعتوں کے امیدوار ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الیکشن حکام کے مطابق ایل اے 43 ویلی 4 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3,346 ہے جن میں 1,600 سے زائد خواتین شامل ہیں۔ ایل اے 44 ویلی 5 میں 6,996 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 3,294 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ایل اے 39 جموں 6 میں تقریباً 37 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جبکہ اس حلقے میں چکوال، جہلم، اٹک، پشاور اور تلہ گنگ کے علاقے بھی شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ایل اے 43 ویلی 4 کے لیے 10، ایل اے 44 ویلی 5 کے لیے 27 اور ایل اے 39 جموں 6 کے لیے 155 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔ مجموعی طور پر مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 955 مرد اور 3 لاکھ 81 ہزار 666 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتخابی حکام نے شہریوں سے پرامن انداز میں ووٹ ڈالنے اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے تاکہ آزاد کشمیر انتخابات شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہو سکیں۔