پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن کا انڈر 17 ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
انڈر 17 کیٹیگری کے فائنل میں عمیر عارف کا مقابلہ انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ سے ہوا، جہاں پاکستانی کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔
عمیر عارف اور لیوک میک برائیڈ کے درمیان فائنل میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی گیم 4-11 سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے دو گیمز 11-6 اور 11-5 سے جیت لیے۔
انگلینڈ کے کھلاڑی نے چوتھا گیم 9-11 سے اپنے نام کرکے مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا، تاہم فیصلہ کن پانچویں گیم میں عمیر عارف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 11-4 سے کامیابی حاصل کی۔
اس طرح عمیر عارف نے مجموعی طور پر 3-2 سے فتح حاصل کرکے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن انڈر 17 ٹائٹل پاکستان کے نام کردیا۔ ان کی کامیابی کو پاکستانی اسکواش کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔
عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ان کا بین الاقوامی سطح پر جونیئر مقابلوں کا تجربہ اس کامیابی میں اہم ثابت ہوا۔