پنجاب میں مون سون بارشیں

پنجاب بارشیں: مون سون کا چھٹا اسپیل کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا، جبکہ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اٹک میں 79 ملی میٹر، لاہور ایئرپورٹ پر 65 ملی میٹر جبکہ وزیرآباد میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ اور جہلم میں 39، نارووال میں 33، منڈی بہاؤالدین میں 30 اور گجرات میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ میں 11 جبکہ مری میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ صورتحال کے پیش نظر خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش متوقع ہے، جس کے باعث شہری اور ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کا کہا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین