پوپ لیو

شہید بچوں کے والدین کا پوپ لیو کو خط، امریکا سے معافی کا مطالبہ

ایران کے شہر مناب میں امریکی حملے میں شہید ہونے والے اسکول کے بچوں کے والدین نے کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کو خط لکھ کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔

خط میں والدین نے پوپ لیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہید بچوں کی آواز بن کر دنیا تک ان کا پیغام پہنچایا۔ والدین کا کہنا تھا کہ پوپ کا پیغام "ہتھیار رکھ دیے جائیں” انسانیت کے لیے امید کی کرن ہے اور اسے ضرور سنا جانا چاہیے۔

والدین نے اپنے خط میں اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ابھی تک مناب اسکول حملے پر کوئی معذرت یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی شہادت پر خاموشی عالمی انصاف کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مناب میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں بچیوں سمیت 160 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔ یہ واقعہ عالمی سطح پر شدید تنقید کا باعث بنا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قومی یومِ دختران کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی سرزمین کی بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مناب اسکول کی معصوم شہید بچیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچیاں رمضان کے دوران مسلط کردہ جنگ کے پہلے دن دشمن کے حملے میں شہید ہوئیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کو یقین ہونا چاہیے کہ ان معصوم جانوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے