ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر جرمانہ

عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی، ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر جرمانہ

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے عراقی فضائی حدود سے متعلق پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی پر فرانسیسی فضائی کمپنی ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی ایئرلائن کے ایل ایم پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

دونوں فضائی کمپنیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے عراق کے بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 32 ہزار فٹ سے کم بلندی پر پروازیں چلائیں۔ امریکی وفاقی ادارے برائے ہوا بازی نے سکیورٹی خطرات کے باعث امریکی ایئرلائنز کی پروازوں پر اس حوالے سے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

امریکی ہوا بازی حکام کے مطابق مبینہ خلاف ورزیاں 2022 سے 2025 کے درمیان ہوئیں۔ اس دوران ایئر فرانس کی 30 سے زائد جبکہ کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔

یہ پروازیں امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ مشترکہ پروازوں کے معاہدے کے تحت چلائی جارہی تھیں۔ امریکی قوانین کے مطابق ایسے معاہدوں کے تحت پروازیں چلانے والی غیر ملکی ایئرلائنز پر متعلقہ امریکی حفاظتی ضوابط کا اطلاق ہوسکتا ہے۔

حکام نے کے ایل ایم پر 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر جبکہ ایئر فرانس پر ایک لاکھ 5 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کو مجموعی جرمانے میں سے 2 لاکھ 65 ہزار ڈالر اگلے 60 دن کے اندر ادا کرنا ہوں گے۔

باقی رقم اس صورت میں معاف کی جاسکتی ہے کہ دونوں فضائی کمپنیاں آئندہ ایک سال کے دوران ایسی خلاف ورزی دوبارہ نہ کریں۔

دونوں ایئرلائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ متعلقہ ضوابط کی پابندی کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق زیرِ بحث پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی فضائی ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا مزید بلندی پر نہ جانے کی براہِ راست ہدایات دی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین