ناگویا: ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں بھارتی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ ہدف حاصل نہ کر سکا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا، تاہم اوپننگ شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ صاحبزادہ فرحان 11 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خان بھی صرف 3 رنز بنا سکے اور 6 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد شیوم دوبے کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے بھرپور مزاحمت کی اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز بنائے۔ انہوں نے آخری گیند تک ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں، تاہم میچ کی آخری گیند پر ان کی وکٹ گرنے کے ساتھ ہی پاکستان کی کامیابی کی امید بھی ختم ہوگئی۔
اس سے قبل بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت کو سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ سوریا ونشی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابھیشیک شرما نے صرف 28 گیندوں پر 61 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر بھارتی اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔
ایشان کشن نے 21 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ تلک ورما نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے اور پاکستان کے سامنے 212 رنز کا ہدف رکھا۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فائنل کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا تھا، جبکہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل تھے۔