اسلام آباد: پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، پاکستانی عہدیدار اور ایرانی میڈیا نے دورے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے ایجنڈے میں علاقائی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات پر گفتگو بھی شامل ہونے کی توقع ہے۔ اس سے قبل دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطے میں کشیدگی روکنے اور اہم علاقائی مسائل کے حل پر توجہ دی گئی تھی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کا ایک اہم پہلو امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کا ممکنہ ثالثی کردار بھی ہے۔ پاکستان اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور مذاکرات کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق، عاصم منیر کا یہ دورہ ایرانی قیادت کے ساتھ موسمِ گرما میں ہونے والی سابقہ بات چیت کے بعد ہو رہا ہے۔ ان مذاکرات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کے جلد خاتمے کے امکانات پر گفتگو کی گئی تھی۔