اقتصادی تعاون تنظیم اجلاس

اقتصادی تعاون تنظیم کا وزرائے خارجہ اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا

اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں رکن ممالک کے نمائندے علاقائی تجارت، اقتصادی تعاون، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس کا مقصد وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے اور خطے میں اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔

پاکستان میں ہونے والے اس اہم علاقائی اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد کے لیے اسلام آباد میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد بھی متوقع ہے۔ وسطی ایشیائی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ایران، تاجکستان اور جمہوریہ شمالی قبرص کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی جگہ ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے مجموعی طور پر 10 رکن ممالک اور تین مبصر ہیں۔

اجلاس کی افتتاحی تقریب سے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطاب کریں گے۔ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون، تجارت کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر گفتگو متوقع ہے۔

اجلاس کے دوران غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی تعاون سے متعلق امور زیر بحث آ سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں ہونے والا یہ دو روزہ ای سی او اجلاس پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کا ایک اہم سفارتی موقع فراہم کرے گا۔ اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور ممکنہ فیصلوں پر خطے کے اقتصادی تعاون کی آئندہ سمت کا انحصار ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین