اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے 38 مرد کرکٹرز کیلئے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جن کی مدت 30 جون 2027 تک ہوگی۔
اعلان کردہ کنٹریکٹس کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل ٹیسٹ فارمیٹ کے کنٹریکٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اسی طرح ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو جگہ دی گئی ہے۔ یہ کھلاڑی محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کنٹریکٹ کا حصہ ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق شامل ہیں، جنہیں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے مستقبل کے قومی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈیولپمنٹ کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے، جس میں 19 نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔