اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف اداروں اور انٹرنیٹ صارفین کے ڈیوائسز اور ویب سسٹمز کو نشانہ بنانے والے تقریباً 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے، جس سے ملک میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل سکیورٹی خطرات کی نشاندہی ہوتی ہے۔
کاسپرسکی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان میں اس کے تقریباً 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خطرات میں یو ایس بی ڈرائیوز، سی ڈیز اور متاثرہ فائل انسٹالرز کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور نقصان دہ سافٹ ویئر شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں پاکستان میں کاسپرسکی کے 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ان میں فشنگ حملے، جعلی ویب سائٹس اور ایسے نقصان دہ آن لائن پلیٹ فارمز شامل ہیں جن کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چرانے یا حساس ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
کاسپرسکی نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان میں ڈیوائسز پر مبنی 63 لاکھ سے زائد جبکہ ویب پر مبنی 31 لاکھ سے زیادہ سائبر حملوں کی نشاندہی کی۔ اس طرح مجموعی طور پر رپورٹ کیے گئے سائبر حملوں کی تعداد تقریباً 94 لاکھ تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسس ٹیم کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے پاکستان کے سرکاری اور نجی اداروں کو درپیش نئے سائبر خطرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سپلائی چین حملوں اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سائبر خطرات کو اہم چیلنجز قرار دیا۔
یوسف عبدالمنعم کے مطابق پاکستان کے تقریباً تمام شعبوں کو کسی نہ کسی شکل میں سائبر سکیورٹی خطرات کا سامنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں اداروں کے لیے اپنے سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانا پہلے سے زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔
سائبر جنگ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیاسی اور جغرافیائی کشیدگی کے دوران پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے مخصوص سائبر حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، جن کے اہم اہداف میں سرکاری ادارے اور بحری شعبہ شامل تھے۔