معروف ماڈل اور برانڈ رہوڈ کی بانی ہیلی بیبر نے انکشاف کیا ہے کہ جسٹن بیبر کے ساتھ تعلق کے ابتدائی دور میں انہیں شدید آن لائن ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی تنقید نے ان کی ذہنی صحت اور سوشل میڈیا کے ساتھ تعلق کو متاثر کیا۔
18 نومبر کو نیویارک میں نیویارک ٹائمز کے ڈیل بک سمٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلی نے کہا کہ مسلسل تنقید اور عوامی توجہ کا سامنا کرنے سے ان میں مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوئی۔ تاہم، انہوں نے اس تجربے کو مشکل قرار دیا۔
ہیلی کے مطابق، 2018 میں جسٹن بیبر سے منگنی کے بعد انہیں خاص طور پر منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وقت جسٹن کا گلوکارہ سیلینا گومز کے ساتھ بھی تعلق رہ چکا تھا، جس کے باعث ہیلی اور جسٹن کی شادی سے پہلے کی زندگی عوامی توجہ کا مرکز بن گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر انہیں روزانہ توہین آمیز پیغامات موصول ہوتے تھے۔ بعض افراد انہیں خودکشی کرنے تک کے پیغامات بھیجتے تھے۔ ہراسانی صرف انٹرنیٹ تک محدود نہیں رہی بلکہ بعض لوگ عوامی مقامات پر بھی ان پر آوازیں کستے تھے۔
ہیلی نے مزید بتایا کہ کچھ افراد نے کافی شاپس میں ان کے اور کسی دوسری شخصیت کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے ٹِپ جار بھی رکھے۔ ان کے مطابق، انہوں نے اس سے پہلے کبھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کیا تھا۔ مسلسل نفرت انگیز رویے نے ان کے لیے اس دور کو انتہائی مشکل بنا دیا تھا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اب وہ سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے نمٹنے اور اپنے جذبات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن تنقیدی تبصروں کو نظر انداز کرنا آج بھی آسان نہیں۔ ہیلی کا کہنا تھا کہ وہ دوسروں کی باتوں پر توجہ دیتی ہیں اور انہیں اس سے فرق پڑتا ہے۔
اس سے قبل 2022 میں پوڈکاسٹ کال ہر ڈیڈی میں گفتگو کرتے ہوئے بھی ہیلی نے آن لائن تنقید کرنے والوں کو جواب دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے لیے انہیں پسند کرنا ضروری نہیں، لیکن باہمی احترام برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختلاف رکھنے والے افراد خاموش رہ سکتے ہیں، تاہم کسی کو ہراساں کرنا مناسب نہیں۔