ہالی ووڈ اداکار ٹام ہالینڈ اور جون برنتھل نے اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے کی ریلیز سے قبل پاکستانی مداحوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ دونوں اداکاروں نے پاکستان میں مارول کے مداحوں کی مسلسل محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں 31 جولائی سے سینما گھروں میں فلم دیکھنے کی دعوت دی۔
ویڈیو پیغام میں دونوں فنکاروں نے کہا کہ پاکستانی شائقین نے برسوں سے اسپائیڈر مین فرنچائز کو بھرپور محبت دی ہے۔ انہوں نے اس غیر معمولی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی فلم کو بھی اسی جوش و خروش سے پذیرائی ملے گی۔
ٹام ہالینڈ اور جون برنتھل نے اسپائیڈر مین: نو وے ہوم کی کامیابی کا بھی ذکر کیا، جس نے پاکستان میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے کو بھی کامیاب بنانے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریں۔
نئی فلم کی کہانی نو وے ہوم کے واقعات کے چار سال بعد شروع ہوتی ہے، جب ڈاکٹر اسٹرینج کے جادو کے باعث دنیا پیٹر پارکر کی شناخت بھول چکی ہوتی ہے۔ اب پیٹر نیویارک میں تنہا زندگی گزار رہا ہے اور مکمل طور پر اسپائیڈر مین کی حیثیت سے جرائم کے خلاف لڑ رہا ہے۔
اس دوران اس کی ملاقات فرینک کیسل، المعروف دی پنشر، سے ہوتی ہے، جس کا کردار جون برنتھل ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں پیٹر پارکر کی تنہائی، ذہنی دباؤ اور نئے خطرناک دشمنوں کے خلاف جدوجہد کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
ہدایت کار ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن کی یہ فلم اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے ایک زیادہ سنجیدہ اور حقیقت کے قریب سپر ہیرو کہانی پیش کرے گی۔ فلم میں مائیکل مانڈو بھی اسکارپین کے کردار میں واپس آ رہے ہیں، جو اسپائیڈر مین کے لیے ایک نیا چیلنج ثابت ہوں گے۔
پاکستانی مداحوں کے نام ٹام ہالینڈ اور جون برنتھل کا خصوصی پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے کی 31 جولائی کو ریلیز سے قبل شائقین میں جوش و خروش بڑھ رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ فلم پاکستانی سینما گھروں میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔