انڈونیشیا میں مسافر بحری جہاز لاپتا

انڈونیشیا میں 243 افراد سے بھرا مسافر بحری جہاز لاپتا

انڈونیشیا میں 243 افراد کو لے جانے والا ایک مسافر بحری جہاز جاوا سی میں سفر کے دوران لاپتا ہوگیا، جس کے بعد حکام نے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ بحری جہاز انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے بورنیو جزیرے کے جنوبی کالیمانتان صوبے کے شہر بنجرماسن کی جانب روانہ تھا۔ سفر کے دوران جہاز سے حکام کا رابطہ اچانک منقطع ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق جہاز میں مجموعی طور پر 243 افراد سوار تھے، جن میں سے 103 مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ حکام نے ایک شخص کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے، جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

انڈونیشیا کے سرچ اینڈ ریسکیو حکام کے مطابق بحری جہاز کی آخری معلوم لوکیشن جاوا سی میں بنجرماسن کی ایک بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور ریکارڈ کی گئی تھی۔

حکام نے لاپتا جہاز کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں سمندری علاقے میں جہاز اور باقی مسافروں کی تلاش کر رہی ہیں، جبکہ خراب موسمی حالات کارروائی میں مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

انڈونیشین حکام کے مطابق جہاز سے آخری مرتبہ رابطہ اس وقت ہوا تھا جب عملے کی جانب سے سمندر میں خراب موسم کا سامنا کرنے کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس کے بعد جہاز سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین