اسلام آباد ٹریفک پولیس نے معرکۂ حق کی تقریبات کے سلسلے میں شہریوں کیلئے خصوصی ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مختلف اہم شاہراہوں پر شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق سری نگر ہائی وے کو کوڑیانوالہ چوک سے پشاور موڑ تک مکمل طور پر ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر فیض آباد سے خیابان چوک تک فیصل ایونیو بھی بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس نے موٹروے سے مری جانے والے شہریوں کو نائنتھ ایونیو اور کرنل شیر خان روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی طرح مری اور بھارہ کہو سے موٹروے جانے والوں کیلئے مری روڈ اور آئی جے پی روڈ تجویز کی گئی ہے۔
ریڈ زون سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو مارگلہ روڈ یا جناح ایونیو استعمال کرنے کا کہا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کیلئے فقیر ایپی روڈ اور نائنتھ ایونیو کو متبادل راستوں کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔
اسی طرح مری سے روات جانے والے شہری پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں گے۔ پشاور موڑ سے روات جانے والی ٹریفک کیلئے نائنتھ ایونیو، اسٹیڈیم روڈ اور راول روڈ استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک ایل ٹی وی گاڑیوں کو روات سے راولپنڈی کی جانب موڑا جائے گا تاکہ مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ 10 مئی کو صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل متبادل راستوں اور ٹریفک اپ ڈیٹس سے آگاہی حاصل کریں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔