اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب

2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے، پیو ریسرچ سینٹر کی اہم تحقیق

واشنگٹن: امریکی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق میں دنیا کی مذہبی آبادی کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ سکتی ہے اور اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق 2035 میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں مذہبی گروہوں کی آبادی میں اضافہ ہوگا، تاہم مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کی رفتار نسبتاً زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں تیز رفتار اضافے کی بنیادی وجوہات نسبتاً زیادہ شرح پیدائش اور نوجوان آبادی کا تناسب ہیں۔ تحقیق کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں اوسط شرح پیدائش 3.1 بچے فی خاتون جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے فی خاتون ریکارڈ کی گئی۔

تحقیق میں پاکستان کے حوالے سے بھی اہم تخمینہ پیش کیا گیا ہے۔ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق پاکستان میں مسلمانوں کی آبادی 2020 کے تقریباً 22 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 2070 تک 46 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

دوسری جانب عیسائی آبادی کے جغرافیائی تناسب میں بھی نمایاں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو 2070 تک امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی عیسائی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

تخمینوں کے مطابق کانگو میں عیسائیوں کی تعداد 2020 کے 9 کروڑ 20 لاکھ سے بڑھ کر 2070 تک تقریباً 29 کروڑ 90 لاکھ ہو سکتی ہے، جبکہ امریکا میں عیسائی آبادی 21 کروڑ 70 لاکھ سے کم ہو کر 17 کروڑ 40 لاکھ رہنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین