رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اے آئی اثرانداز مہم کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے نظاموں میں غزہ جنگ سے متعلق جوابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس مقصد کے لیے لاکھوں ڈالر کی ڈیجیٹل مہم چلائی گئی تاکہ مخصوص بیانیے کو آن لائن فروغ دیا جا سکے۔
ڈراپ سائٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق انتخابی مینیجر بریڈ پارسکیل اور ان کی کمپنی کلاک ٹاور ایکس اسرائیلی حکومت کے ساتھ مبینہ طور پر 46.5 ملین ڈالر کے معاہدے میں شامل تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس نیٹ ورک نے اسرائیل کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے لیے مواد تیار کیا۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ویب سائٹس پر غزہ جنگ، اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور امریکہ اسرائیل تعلقات سے متعلق سیکڑوں مضامین شائع کیے گئے۔ ان مواد کا مقصد سرچ انجنز میں نمایاں ہونا اور ممکنہ طور پر اے آئی نظاموں کے تیار کردہ جوابات پر اثر ڈالنا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ حکمت عملی ایسے آن لائن مواد کی تیاری پر مبنی تھی جو سرچ انجنز کے ذریعے انڈیکس ہو سکے اور مصنوعی ذہانت کے تربیتی ڈیٹا میں شامل ہو سکے۔ اس عمل کو بڑے لینگویج ماڈلز کے جوابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش قرار دیا گیا۔
ڈراپ سائٹ کے مطابق Allyvia.org، FactSignal.org اور Paxpoint.org جیسی ویب سائٹس نے اسرائیل کے مؤقف کو فروغ دیا اور غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کا دفاع کیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بعض اے آئی پلیٹ فارمز نے ان ویب سائٹس کے مواد کا حوالہ بھی دیا۔
ڈیجیٹل معلومات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی نظاموں کے لیے استعمال ہونے والے آن لائن ڈیٹا ذخائر کو متاثر کرنے کی کوششیں مستقبل میں معلوماتی ماحول پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ ان کے مطابق مخصوص انداز میں تیار کیا گیا مواد چیٹ بوٹس کے جوابات کی تشکیل میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد امریکہ میں اسرائیل سے متعلق عوامی رائے میں تبدیلی کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس میں کہا گیا کہ بدلتے ہوئے سیاسی ماحول نے ڈیجیٹل مواصلاتی حکمت عملیوں کی اہمیت بڑھا دی ہے۔