محسن نقوی

محسن نقوی کا امن و امان کے تحفظ کا عزم، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے نمٹنے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے امن، امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک میں امن برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے گی۔

فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی گئی ہے اور فورس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے فورس کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم قانون نے احتجاج کے لیے طریقہ کار بھی متعین کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جانے والے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو ملک کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے موجودہ امن و امان کی صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فورس کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کو درپیش مختلف نوعیت کے حالات میں ان کی حفاظت اور تیاری کو یقینی بنانا ضروری ہے، اس لیے ضروری حفاظتی سامان کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین