محمد اورنگزیب

احتجاج اور دھرنوں سے روزانہ 120 ارب روپے نقصان ہوگا، محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کے مرحلے سے آگے بڑھتے ہوئے ترقی کی جانب سفر کر رہا ہے، تاہم احتجاج، ہڑتالوں اور دھرنوں کے باعث معاشی سرگرمیوں میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس ہے۔ ان کے مطابق ملک کا معاشی سفر استحکام سے ترقی کی طرف جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں احتجاج، مارچ اور دھرنوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ کے نتیجے میں قومی معیشت کو تقریباً 120 ارب روپے یومیہ نقصان کا خدشہ ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق ممکنہ نقصان میں سروسز سیکٹر کو روزانہ تقریباً 86 ارب روپے، صنعتی شعبے کو تقریباً 25 ارب روپے جبکہ حکومتی ریونیو کو تقریباً 17 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو عالمی تجارت کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی چین میں رکاوٹوں کے ساتھ فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافہ عالمی تجارت کو متاثر کررہا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں پاکستان کے لیے معاشی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں تعطل ملک کے لیے خود پیدا کیا ہوا اضافی نقصان ثابت ہوسکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے دشمن قوتیں ملوث ہیں۔ انہوں نے معاشی استحکام کے ساتھ ملک میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین