نعمان اعجاز کا کینسر کی تشخیص کا انکشاف

نعمان اعجاز کا کینسر کی تشخیص کا انکشاف، سورۃ الرحمٰن سے متعلق اہم بات بتادی

پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار نعمان اعجاز نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ اداکار نے بتایا کہ انہیں 2024 میں کان کے قریب کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم کامیاب آپریشن کے بعد ٹیومر نکال دیا گیا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں نعمان اعجاز نے کینسر کی تشخیص کے بعد گزرنے والے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جس دن انہیں اپنی بیماری کا علم ہوا، انہوں نے نماز کے دوران آسمان کی طرف دیکھ کر اللہ سے بات کی۔

اداکار کے مطابق انہوں نے اللہ سے کہا کہ انہوں نے کبھی جان بوجھ کر کسی کے ساتھ برا نہیں کیا اور نہ ہی کسی کا حق مارا۔ انہوں نے یہ بھی دعا کی کہ اگر دنیا میں ان کی ضرورت باقی نہیں تو انہیں اپنے پاس بلا لیا جائے، کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔

نعمان اعجاز نے بتایا کہ بیماری کے دوران انہیں اسپتالوں کے چکر لگانے اور کیموتھراپی جیسے مشکل علاج سے گزرنے کا خیال بھی پریشان کرتا تھا۔ ان کے مطابق وہ رات کو مختلف چیزیں پڑھ کر اس کیفیت میں سوتے تھے کہ شاید اگلی صبح آنکھ نہ کھلے۔

اداکار نے بتایا کہ جب ان کی بیماری کے بارے میں لوگوں کو معلوم ہوا تو ان کے ایک قریبی دوست نے انہیں سورۃ الرحمٰن پڑھنے کا مشورہ دیا۔ نعمان اعجاز کے مطابق انہوں نے اس دن کے بعد سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کو معمول بنا لیا اور آج بھی اسے پڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر محسوس ہوتا ہے کہ سورۃ الرحمٰن نے انہیں اس مشکل وقت سے نکلنے میں بہت حوصلہ دیا اور ان کی زندگی میں اس کا ایک اہم روحانی کردار رہا۔

نعمان اعجاز کے مطابق بعد ازاں ان کا کامیاب آپریشن ہوا اور ڈاکٹرز نے ٹیومر نکال دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 23 جولائی 2024 کو ان کی پہلی کیموتھراپی ہونا تھی، تاہم 22 جولائی کو ڈاکٹرز نے انہیں بلا کر بتایا کہ انہیں مزید کسی بیماری کے شواہد نہیں ملے، اس لیے کیموتھراپی کی ضرورت نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین