پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاک کویت پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کیے ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزارت دفاع کے مطابق معاہدے میں فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تجربات، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
اس سلسلے میں کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت دفاع کا دورہ کیا۔ وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دراج سعد الشریعان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
کویتی وفد نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ کی سربراہی میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا بھی دورہ کیا، جہاں وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دفاعی اور عسکری تعاون سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دفاعی شعبے میں روابط، تعاون اور مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔