یومیہ ایندھن قیمتوں کا نظام

پیٹرولیم وزیر نے یومیہ ایندھن قیمتوں کے نظام پر صنعت سے مشاورت کی

حکومت پاکستان نے یومیہ ایندھن قیمتوں کا نظام متعارف کرانے کی تیاری تیز کر دی ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ہفتے کے روز آئل انڈسٹری کے اہم نمائندوں سے ملاقات کرکے مجوزہ قیمتوں کے نظام پر مشاورت کی اور اس کے نفاذ سے متعلق تجاویز حاصل کیں۔

اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (او میپ)، ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہفتہ وار قیمتوں کے نظام سے یومیہ ایندھن قیمتوں کا نظام اختیار کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

سرکاری بیان کے مطابق یہ اصلاحات پاکستان کے پیٹرولیم شعبے میں مرحلہ وار ڈی ریگولیشن، شفافیت، صارفین کے تحفظ اور مسابقتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق زیادہ مؤثر انداز میں ہو سکے گا۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ یہ اصلاحات وزیراعظم کی ہدایت اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد شروع کی گئی ہیں۔ نئے نظام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ایک شفاف اور فارمولہ پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے ہوگا تاکہ قیمتیں مارکیٹ کے حقیقی رجحانات کی عکاسی کریں۔

انہوں نے کہا کہ یومیہ ایندھن قیمتوں کا نظام مارکیٹ میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور غیر معمولی منافع کے امکانات کو کم کرے گا جبکہ حکومتی مداخلت کی بجائے مارکیٹ کے اصولوں کو فروغ دے گا۔ اس اقدام سے صارفین کو بھی زیادہ شفاف قیمتوں کا فائدہ ملے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اوگرا اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے تفصیلی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (IEFM)، ریفائنری ایڈجسٹمنٹس، سپلائی چین، انوینٹری مینجمنٹ اور دیگر تکنیکی معاملات پر بھی کام جاری ہے تاکہ نئے نظام پر ہموار انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں آئل انڈسٹری کے نمائندوں نے نئے نظام سے متعلق بعض عملی خدشات پیش کیے، جن پر وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل مسلسل مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو یومیہ ایندھن قیمتوں کا نظام نافذ کرنے کے عمل کی نگرانی کرے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین