پاکستان کرغزستان معاہدے

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔ معاہدوں پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے شرکت کی۔

معاہدوں کی تقریب کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے۔ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط بڑھانے اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے ہوا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی وزیراعظم نے خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک پہنچانے کی خواہش ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا چاہتا ہے، جبکہ حالیہ معاہدوں پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین