پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کے مجوزہ منصوبے پر آئینی ترامیم آئندہ سال منظور ہونے کے باوجود نئے انتظامی ڈھانچے پر عملدرآمد 2029 کے عام انتخابات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے متعدد آئینی، مالیاتی اور انتظامی معاملات حل کرنا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم، آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مالی واجبات کا تصفیہ مجوزہ منصوبے کے اہم چیلنجز میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مطلوبہ آئینی ترامیم اگلے سال منظور بھی کرلی جاتی ہیں تو موجودہ صوبائی حکومتیں اور اسمبلیاں آئندہ عام انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔ نئے صوبائی ڈھانچے پر عملدرآمد 2029 کے انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد کیا جاسکتا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین صوبوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ سندھ کو بھی دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد چار سے بڑھ کر 12 ہوجائے گی۔
تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے کئی حساس معاملات پر اتفاق رائے ضروری ہوگا، جن میں موجودہ صوبوں اور نئی انتظامی اکائیوں کے مالی، معاشی اور آئینی حقوق کا تعین بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق سب سے اہم مسئلہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم کا ہوگا۔ اس وقت وفاقی قابل تقسیم محاصل میں صوبوں کا حصہ ایک طے شدہ فارمولے کے تحت چار صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ آٹھ نئے صوبوں کے قیام کے بعد یہ سوال پیدا ہوگا کہ موجودہ صوبائی حصوں کو 12 اکائیوں میں کس طرح تقسیم کیا جائے گا۔
آبی وسائل کی تقسیم بھی ایک اہم چیلنج کے طور پر سامنے آسکتی ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں میں یہ معاملہ حساس ہوگا جہاں پانی کی دستیابی، آبپاشی کی ضروریات اور زرعی سرگرمیوں کا انحصار پہلے ہی محدود آبی وسائل پر ہے۔