پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے نئی پیٹرولیم قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں صارفین نئی قیمتوں پر پیٹرول اور ڈیزل خرید سکیں گے۔
اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ تبدیلی بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی اخراجات اور حکومتی مالیاتی پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور مختلف صنعتی شعبوں پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 80 روپے مقرر کر دی ہے۔ نئی شرح کے مطابق 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرول پر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی تھی۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 70 روپے 82 پیسے کی لیوی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔