پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے متاثرین اور دہشت گردی سے بچ جانے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق متاثرین دہشت گردی کی یاد اور خراج عقیدت کے عالمی دن کا مقصد دہشت گردی سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو یاد کرنا بھی ہے۔ اس موقع پر عالمی خطرے کے خلاف مسلسل چوکس رہنے پر زور دیا گیا۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ ملک کو 150 ارب ڈالر سے زیادہ کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزارت کے مطابق دہشت گردی اب مزید پیچیدہ شکل اختیار کرچکی ہے اور دہشت گرد جدید ٹیکنالوجی اور سائبر اسپیس کو اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان نے ڈس انفارمیشن اور دیگر سیکیورٹی خطرات کی بھی نشاندہی کی۔
🔊PR No:2️⃣2️⃣3️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Statement by Pakistan on the International Day of Remembrance of and Tribute to Victims of Terrorism (21 August, 2026)
🔗⬇️ pic.twitter.com/mybD1CChdA
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) August 21, 2026
وزارت خارجہ نے 2025 کو ایک دہائی سے زائد عرصے میں پاکستان کے لیے مہلک ترین سالوں میں سے ایک قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کئی حملوں میں عبادت گزاروں، بچوں، خواتین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
ان چیلنجز کے باوجود پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور فلسطینیوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حقوق اور حق خود ارادیت کا ذکر کیا۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے تمام متاثرین اور بچ جانے والوں کی بلاامتیاز حمایت کرے۔ وزارت خارجہ نے عالمی امن کے لیے بین الاقوامی تعاون، مکالمے اور مستقل اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔